بھٹکل،29 ؍ اگست (ایس او نیوز) ریاستی محکمہ سوشیل ویلفیئر اور ضلع انچارج وزیر کوٹا سرینواس پجاری نے اتوار کے دن بھٹکل کے مختلف علاقوں میں مرارجی دیسائی اقامتی اسکول، کیتور چینّما اقامتی اسکول اور تعلقہ ہاسپٹل کے سامنے واقع پسماندہ طبقات کی لڑکیوں کے اقامتی اسکول کے علاوہ محکمہ اقلیتی فلاح و بہبود کے ذریعہ تعمیر کردہ لڑکوں کے لئے اقامتی اسکولوں کا افتتاح کیا ۔
انہوں نے کہا کہ بھٹکل - ہوناور حلقہ میں 61.9 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار شدہ اقامتی اسکولوں کی عمارتوں کا افتتاح کیا گیا ہے ۔ ان اقامتی اسکولوں کے ذریعہ غریب بچوں کے لئے تعلیم حاصل کرنا آسان ہوجائے گا ۔ یہ اقدام اس بات کی علامت ہے کہ سماج کے غریب اور پسماندہ طبقات کو بھی بہتر تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے ریاستی حکومت پوری طرح کاربند ہے ۔
پروگرام کی صدارت ایم ایل اے سنیل نائک نے کی ۔ انہوں نے کہا کہ بھٹکل میں کرایے کی عمارتوں میں چل رہے کالج اور اسکولوں کے لئے حکومت کی طرف سے خود کی عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں ۔ اس حلقہ میں تعلیمی ترقی کو بڑی اہمیت دی جا رہی ہے ۔
اسٹیج پر تحصیلدار ڈاکٹر سمنت ، بھٹکل تعلقہ پنچایت سی ای او پربھاکر چکمنے ، ہوناور ای او سریش نائیک ، ہیبلے گرام پنچایت صدر کوُپُّو گونڈا ، سابق تعلقہ پنچایت صدر ایل ایس نائک ، بی جے پی صدر سبرایا دیواڈیگا ،بی جے پی لیڈر راجیش نائک وغیرہ موجود تھے ۔